گمراہ کن معلومات Disinformation
یہ وسیلہ گمراہ کن معلومات سے متعلق ہے، یعنی وہ معلومات جو جان بوجھ کر دھوکہ دہی اور نقصان پہنچانے کے مقصد سے تخلیق یا شیئر کی جاتی ہیں۔
غلط معلومات وہ جھوٹی یا غلط معلومات ہیں جو بغیر دھوکہ دینے یا نقصان پہنچانے کے ارادے سے شیئر کی جاتی ہیں۔
نیوزی لینڈ سیکیورٹی انٹیلی جنس سروس (NZSIS) گمراہ کن معلومات کو ایسی معلومات کے طور پر بیان کرتی ہے جو جان بوجھ کر جھوٹی یا گمراہ کن ہوتی ہیں اور نقصان پہنچانے یا وسیع تر مقصد حاصل کرنے کے ارادے سے پھیلائی جاتی ہیں۔ یہ اکثر آن لائن یا سوشل میڈیا پر پھیلائی جاتی ہیں، لیکن یہ ٹیلی ویژن، ریڈیو یا اخبارات سمیت خبروں میں بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔
غیر ملکی ریاستیں اور ان کی پراکسیز نقصان دہ طریقوں سے لوگوں اور کمیونٹیز کو متاثر اور گمراہ کرنے کے لیے بیرونی مداخلت کے حصے کے طور پر گمراہ کن معلومات کا استعمال کر سکتے ہیں۔
گمراہ معلومات کیسے پھیل سکتی ہیں
گمراہ کن معلومات مختلف طریقوں سے پھیل سکتی ہیں، جن میں یہ شامل ہیں:
- میسجنگ ایپس اور کمیونٹی نیٹ ورکس، جہاں معلومات اکثر ان رابطوں کے درمیان بھیجی جاتی ہیں جن پر لوگ اعتماد کرتے ہیں۔
- کمیونٹی یا ہم خیال (interest) گروپوں میں شیئر کیا جانے والا مواد، جس پر شاید لوگ زیادہ بھروسہ کریں کیونکہ یہ جانے پہچانے ذرائع سے آتا ہے یا ایسی زبان میں ہے جسے وہ سمجھتے ہیں۔
- نیوزی لینڈ سے باہر میڈیا یا ذرائع سے معلومات جو نیوزی لینڈ کے میڈیا یا سیاق و سباق سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
- سوشل میڈیا پلیٹ فارمز غلط معلومات تیزی سے پھیلا سکتے ہیں، خاص طور پر مختصر مواد جیسے ٹک ٹاک ویڈیوز، انسٹاگرام ریلز، یا ٹویٹر/ایکس تھریڈز۔
- انفلوئنسرز اور مائیکرو انفلوئنسرز غلط معلومات پھیلا سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس بڑی یا قابل اعتماد فالوونگ ہوتی ہے۔
- سرچ انجن اور مختلف پلیٹ فارمز پر دی جانے والی تجاویز (recommendations) صارفین کو گمراہ کن معلومات دکھا سکتی ہیں، خواہ وہ اسے تلاش نہ بھی کر رہے ہوں۔
- آف لائن شیئرنگ، جیسے پرنٹ شدہ فلائرز، پوسٹرز، کام کی جگہوں، اسکولوں یا کمیونٹیز میں ایک دوسرے سے بات چیت۔
گمراہ کن معلومات کی اقسام
جو کچھ آپ دیکھتے ہیں، اس پر غور کرنا
چیک کریں:
- آیا یہ معلومات کسی معتبر ذریعہ سے آئی ہیں اور کیا دوسری معتبر نیوز سائٹیں بھی انہی معلومات کی اطلاع دے رہی ہیں۔ مزید جاننے کے لیے NetSafe کا 'جعلی خبریں کیسے شناخت کریں' کا وسیلہ دیکھیں۔
- اصل کہانی یا معلومات کہاں شائع ہوئی ہیں اور کون ان کی تشہیر کررہا ہے یا انہیں شیئر کر رہا ہے۔
- مصنف کون ہے اور اس کا پس منظر، مقصد، یا دلچسپیاں کیا ہو سکتی ہیں (مثلا، کیا وہ معلومات فراہم کرنے، قائل کرنے، کسی خاص نقطہ نظر کو فروغ دینے یا لوگوں کی رائے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے)۔
ان اقدامات پر غور کریں:
- جب مواد شدید جذباتی ردعمل (مثلا ہنگامی صورتحال، خوف، یا غصے) کو متحرک کرتا ہو تو تھوڑا وقفہ لینا۔
- یہ سوچنا کہ مواد کیوں بنایا یا شیئر کیا گیا ہے (مثلا، رائے پر اثر انداز ہونے، کلکس کا حصول، یا فوری کاروائی کے لیے)۔
- یہ سوچنا کہ اگر معلومات پر یقین کیا جائے یا انہیں شیئر کیا جائے تو کس کو فائدہ ہوتا ہہے۔
مثال کے طور پر، اگر آپ کو کوئی پوسٹ نظر آئے جس میں لکھا ہو 'اسے ہٹائے جانے سے پہلے ابھی شیئر کریں'، تو آپ کو رک کر یہ سوچنا چاہیے کہ یہ کیوں شیئر کیا جا رہا ہے۔
جب آپ کو شبہ ہو تو کیا کرنا چاہیے
یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اگر آپ کو فوری طور پر یہ معلوم نہ ہو سکے کہ آیا کوئی چیز گمراہ کن معلومات ہے یا نہیں، تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
معلومات شیئر کرنے سے پہلے رک جانے/ وقت لینے سے آپ کو یہ سوچنے کا موقع ملتا ہے کہ آیا یہ سچ ہے یا نہیں، آپ حقائق کی جانچ کر سکتے ہیں، اور غلط معلومات پھیلانے سے بچ سکتے ہیں۔
آپ قابل اعتماد لوگوں، جیسے خاندان کے افراد یا دوستوں سے بھی بات کر سکتے ہیں تاکہ معلومات کے بارے میں آپ ان کی رائے جان سکیں۔
بیرونی ریاستوں اور ان کی پراکسیز کی جانب سے استعمال کی جانے والی گمراہ کن معلومات
ذیل میں کچھ خصوصیات ہیں جو غیر ملکی ریاستیں اور ان کی پراکسیزگمراہ کن معلوماتمیں جان بوجھ کر استعمال کرتی ہیں:
- شدید جذبات کو ابھارنا جان بوجھ کر اہم حقائق یا شواہد کو چھوڑ کر غصہ، خوف یا شدید ردعمل پیدا کرنا۔
- معلومات کو گمراہ کن یا مبالغہ آمیز انداز میں پیش کرنا تاکہ ردعمل پیدا ہو یا یہ تیزی سے پھیلیں
- جذباتی زبان استعمال کرنا تاکہ قارئین میں ردعمل پیدا ہو بجائے اس کے کہ انہیں آگاہ کیا جائے۔
- واضح تعصب دکھانا یا دقیانوسی تصورات پر انحصار تاکہ اس بات پر اثرانداز ہوا جا سکے کہ لوگ کسی مسئلے یا گروپ کے بارے میں کیا سوچتے ہيں۔
- مختلف آراء یا نقطہ نظر کو خارج کرنا اور کہانی کا صرف ایک پہلو پیش کرنا۔
- غلط، تبدیل شدہ یا پرانی معلومات شامل کرنا جیسے کہ وہ درست ہوں۔
- املا یا گرامر کی بہت سی غلطیاں ہونا، جو بعض اوقات کم ساکھ یا ایسے مواد کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسے بہت جلدی میں تخلیق کیا گیا ہو۔
- گمراہ کن معلومات کی حمایت میں کم معیار، ترمیم شدہ، یا سیاق و سباق سے ہٹ کر تصاویر یا ویڈیوز استعمال کرنا۔
اپنے سوشل میڈیا فیڈ کو اپنے اختیار میں لیں
اگر کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ غلط یا گمراہ کن معلومات شیئر کر رہا ہے تو:
- اکاؤنٹ کو بلاک یا ان فالو کر دیں تاکہ مزید اسی طرح کا مواد ظاہر نہ ہو۔
- سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ کی رپورٹ کریں تاکہ آن لائن نقصان دہ مواد کم کیا جا سکے۔
گمراہ کن معلومات کو کیسے رپورٹ کریں
آپ نقصان دہ یا جھوٹے آن لائن مواد کی رپورٹ کر سکتے ہیں:
- Netsafe ویب سائٹ پر گمراہ کن معلومات اور دیگر نقصان دہ مواد رپورٹ کریں۔
- اگر میڈیا مواد گمراہ کن ہو یا نشریاتی قواعد کی خلاف ورزی کرے تو نیوزی لینڈ میڈیا کونسل، یا ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی سے شکایت کریں۔
- پلیٹ فارم رپورٹنگ فیچرز کے ذریعے سوشل میڈیا پر غلط معلومات رپورٹ کریں۔
Netsafe کے بارے میں مزید جانیں
نیٹ سیف نیوزی لینڈ کی ایک آزاد، غیر منافع بخش آن لائن حفاظتی تنظیم ہے، جو نیوزی لینڈ کے لوگوں کو آن لائن حفاظت میں مدد، مہارت اور تعلیم فراہم کرتی ہے، بشمول:بچے اور نوجوان، والدین اور نگہداشت کرنے والے، بالغ اور بزرگ افراد۔
Headspace Invaders
Headspace Invaders ایک انٹرایکٹو پلیٹ فارم ہے جو 12 سے 16 سال کی عمر کے نوجوانوں کو آن لائن مواد استعمال کرنے کے دوران اعتماد اور تنقیدی سوچ کی مہارتیں پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے تاکہ نوجوان آن لائن فریب دہی، دباؤ، اور نقصان کو پہچان سکیں۔