کمیونٹی تنظیموں کو متاثر کرنے والی غیر ملکی مداخلت کی مثالیں۔

کمیونٹی تنظیمیں کمیونٹیوں کی مدد کرنے، انہیں بہتر شکل دینے، ان کی فیصلے کرنے کی صلاحیت میں مدد کرنے اور متنوع گروہوں کو آپس میں جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

کمیونٹی آرگنائزیشن کے وسیع نیٹ ورکس اور باہمی اعتماد کے رشتے انہیں کمیونٹی کی قیادت اور عوامی رابطوں کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔

خفیہ، جبر، دھوکہ دہی، یا بدعنوانی پر مبنی اقدامات کے ذریعے کمیونٹی تنظیم کو نشانہ بنانے والی غیر ملکی مداخلت اس کی خود مختاری کو نقصان پہنچا سکتی ہے، اور عوامی اعتماد اور سماجی ہم آہنگی کو ختم کر سکتی ہے۔

اس سے نہ صرف تنظیم بلکہ پوری کمیونٹی کے تحفظ، سلامتی، اور اظہارِ رائے کی آزادی اور تنطیم اور وسیع تر کمینٹی کے درمیان وابستگی کے لیے بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

اس بارے میںمزید جانیں کہ غیرملکی مداخلت میں ملوث بیرونی ریاستیں کس طرح نیوزی لینڈ میں کمیونٹی تنظیموں کو نشانہ بنا سکتی ہیں اور آپ اس سے کیسے بچاؤ کر سکتے ہیں۔

ذیل میں تین مثالیں دی گئی ہیں کہ کس طرح غیر ملکی مداخلت کمیونٹی تنظیموں کو متاثر کر سکتی ہے۔ ان مثالوں میں "بیرونی یا غیرملکی ریاست" کا مطلب نیوزی لینڈ کے علاوہ کوئی اور ملک ہے۔

یہ مثالیں Multicultural New Zealand - The New Zealand Federation of Multicultural Councils کی جانب سے Ministry for Ethnic Communities کو فراہم کردہ تجزیات اور معلومات کی روشنی میں تیار کی گئی ہیں۔ ہم اس معلوماتی مواد اور 'اپنی کمیونٹی تنظیم کو غیر ملکی مداخلت سے محفوظ رکھنا' نامی کتابچے کی تیاری میں ان کی گراں قدر معاونت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

نیچے دی گئی مثالیں ایسے فرضی منظرنامے ہیں جو ایسی سرگرمیوں کی وضاحت کرتی ہیں جنہیں کرائمز ایکٹ 1961 کے تحت ممکنہ طور پر غیر ملکی مداخلت سمجھا جا سکتا ہے۔

یہ عمومی معلومات ہیں۔ یہ صرف آپ کی سمجھ بوجھ کے لیے ہیں اور یہ قانونی مشورہ نہیں ہے۔ مخصوص قانونی مشورے کے لیے، کسی مستند قانونی ماہر سے بات کریں۔

مثال 1: بورڈ کے نو منتخب اراکین جو کسی غیر ملکی ریاست کی جانب سے کام کر رہے ہوں

ایک کمیونٹی تنظیم ہر دو سال بعد بورڈ کے انتخابات کراتی ہے۔ مہم چلانے اور کمیونٹی کے ساتھ میل جول کے بعد دو نئے ممبران کا انتخاب کیا گیا۔

اپنے انتخاب کے بعد، ان دونوں اراکین نے اپنے آبائی ملک کی حکومت کے لیے پراکسی کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے غیر ملکی حکومت کی ہدایات کے تحت کام کیا، اور اس تعلق کو جان بوجھ کر تنظیم سے چھپایا گیا۔

دونوں اراکین نے جان بوجھ کر کمیونٹی کے ان مخصوص مسائل کو دبانے کی کوشش کی جو غیر ملکی ریاست کے مفادات کے خلاف تھے۔ انہوں نے اپنے اقدامات کو تنظیم کے عام معمول کے فیصلے بنا کر پیش کیا، لیکن حقیقت میں وہ دھوکہ دہی سے اس غیر ملکی حکومت کے مفادات کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے اختلاف کرنے والے بورڈ کے دیگر ارکان پر بھی دباؤ ڈالا اور ایسے نظریات کو فروغ دیا جو اس غیر ملکی ریاست کے مفادات سے ہم آہنگ تھے۔

جب بورڈ کے دیگر ارکان نے کہا کہ وہ کمیونٹی کے لوگوں کے خیالات کی نمائندگی کر رہے ہیں، تو ان دونوں ارکان نے انہیں چیلنج کیا اور پوچھا کہ "وہ کون لوگ ہیں؟" اور ان کمیونٹی ارکان کی نجی اور ذاتی معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس شک کی بنا پر کہ شاید یہ نئے ارکان کسی غیر ملکی ریاست کے آلۂ کار یا پراکسیز کے طور پر کام کر رہے ہیں، بورڈ کے دیگر ارکان نے یہ معلومات فراہم نہیں کیں۔

بورڈ کی میٹنگز میں متنازعہ مسائل پر بحث کے بعد بورڈ کے دیگر ممبران کو سوشل میڈیا پر گمنام دھمکیاں ملنے کے بعد تنظیم کو شبہ ہوا کہ نئے ممبران غیر ملکی ریاست کو رپورٹ کر رہے ہیں۔ یہ میٹنگز عوام یا کمیونٹی کے ارکان کے لیے قابل رسائی نہیں تھیں، اور زیر بحث معلومات عوامی طور پر دستیاب نہیں تھیں۔

ایک غیر ملکی ریاست نے اپنے آلۂ کاروں کو استعمال کرتے ہوئے تنظیم کے اندرونی فیصلوں میں خفیہ طور پر مداخلت کی اور ان آراء کو دبایا جو اس غیر ملکی ریاست کے مفادات سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔

آراء کو دبانے کی دانستہ کوششیں کمیونٹی کے اظہارِ رائے کی آزادی کو مجروح کرتی ہیں۔

ذاتی معلومات کے مطالبات بھی کمیونٹی کے اراکین کی حفاظت کو متاثر کر سکتے ہیں۔

ایک 'پراکسی یا پراکسیز' سے مراد ایسا فرد یا گروہ ہے جو عموماً نیوزی لینڈ ہی میں مقیم ہوتا ہے اور کسی غیر ملکی ریاست کے ایما پر ایسی سرگرمیاں انجام دیتا ہے جو سلامتی کے حوالے سے باعثِ تشویش ہوں۔

مثال 2: یہ کنٹرول کرنے کی کوششیں کرنا کہ کمیونٹی ایونٹ میں کون حصہ لے سکتا ہے۔

ایک کمیونٹی تنظیم اپنی ثقافتی وراثت، شناخت اور نیوزی لینڈ میں کمیونٹی کی تاریخ کا جشن منانے کے لیے اپنا سالانہ ثقافتی میلہ منعقد کر رہی تھی۔

ایک ایسا شخص، جو ایک غیر ملکی حکومت کے نمائندے کے طور پر بڑے پیمانے پر جانا جاتا تھا، اس نے تقریب کے منتظمین پر دباؤ ڈالا کہ وہ ان مخصوص کمیونٹی ممبران کو شرکت سے روکیں جن کے خیالات اس ملک کے "مفادات کے خلاف" سمجھے جاتے تھے۔

اس شخص نے خبردار کیا کہ اگر منتظمین نہ مانے تو وہ کمیونٹی کے بااثر رہنماؤں سے رابطہ کرے گا تاکہ تنظیم پر سرِعام تنقید کی جائے، منفی پروپیگنڈا پھیلایا جائے، اور کمیونٹی میں تنظیم کے وقار اور ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے۔

غیر ملکی ریاست جانتی تھی کہ اس سے تنظیم کی نیوزی لینڈ کی حکومتی ایجنسیوں اور دیگر فنڈنگ تنظیموں سے کمیونٹی فنڈنگ حاصل کرنے کی صلاحیت پر منفی اثر پڑے گا۔

تنظیم نے بھانپ لیا کہ ان دھمکیوں کا مقصد انہیں اپنی جامع اقدار کے خلاف کام کرنے پر مجبور کرنا اور ان کے فیصلہ سازی کے عمل میں مداخلت کرنا ہے۔ تنظیم نے لوگوں کو شرکت کرنے سے روکنے سے انکار کر دیا لیکن اپنی شہرت کو ممکنہ نقصان پہنچنے سے پریشان تھی۔

ایک غیر ملکی ریاست کا مقصد یہ تھا کہ زبردستی اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیوں کے ذریعے کمیونٹی کی شرکت کو کنٹرول کیا جائے اور تنظیم کو ایسے فیصلے کرنے پر مجبور کیا جائے جو اس کی سب افراد کو شامل رکھنے کی اقدار کے منافی ہوں۔

غیر ملکی ریاست نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ایک کمیونٹی تنظیم میں مداخلت کی، اور اس کی انتقامی کارروائیوں کے خوف نے تنظیم کو نیوزی لینڈ کے معاشرے میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے سے روک دیا۔

مثال 3: کمیونٹی ممبران کی ذاتی معلومات تک رسائی کے لیے فنڈنگ اور تحائف

ایک نئی کمیونٹی تنظیم نے اپنی کمیونٹی میں اپنی شناخت اور اثر و رسوخ بڑھانا شروع کیا۔

انہیں اپنے ملک کے سفارت خانے سے ملنے کی دعوت دی گئی اور انہوں نے قبول کر لیا۔ انہیں خوشی ہوئی کہ ان کے کام کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور انہوں نے اسے سفارتخانے کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنے کا قیمتی موقع سمجھا۔

میٹنگ کے دوران تنظیم کے لیے جاری مالی معاونت اور انفرادی اراکین کے لیے تحائف کی پیشکش کی گئی۔ سفارت خانے کی جانب سے تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے عوامی حمایت کی پیشکش بھی کی گئی۔ کمیونٹی تنظیم نے سفارت خانے کی جانب سے اپنے کام کی تعریف اور حوصلہ افزائی کو سراہا۔ وقت کے ساتھ ساتھ، تنظیم کی کچھ سرگرمیاں مالی معاونت پر منحصر ہو گئیں۔

چھ ماہ بعد، سفارت خانے نے کمیونٹی کے ان افراد کی ذاتی معلومات طلب کیں جن کے ساتھ تنظیم کام کرتی تھی، اور یہ موقف اپنایا کہ فراہم کردہ امداد کے بدلے میں تنظیم اب ان کی "قرض دار" ہے۔

تنظیم کو ذاتی معلومات فراہم کرنے پر مجبور کیا گیا اور دھمکی دی گئی، لیکن تنظیم نے انکار کر دیا۔ سفارت خانے کی معاونت بند ہو گئی، جس سے تنظیم کی کچھ سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

ایک غیر ملکی ریاست نے تنظیم پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کی نیت سے دانستہ طور پر تحائف اور فنڈنگ کا سہارا لیا اور پھر کمیونٹی ممبران کی حساس ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔

یہ غیر ملکی ریاست کی جانب سے اپنے مقاصد کے لیے معلومات جمع کرنے اور تنظیم کے اندرونی فیصلوں میں مداخلت کرنے کی ایک جبری کوشش تھی۔

یہ معلومات یہاں سے ڈاون لوڈ کریں - جلد آرہا ہے