غیر ملکی مداخلت سے منسلک نقصان دہ یا غیر قانونی سرگرمیوں کی رپورٹنگ Reporting harmful or illegal activities that may be linked to foreign interference
غیر ملکی مداخلت سے منسلک نقصان دہ یا غیر قانونی سرگرمیوں کی رپورٹنگ
نوٹ: یہ عمومی معلومات ہیں۔ یہ صرف آپ کی سمجھ بوجھ کے لیے ہیں اور یہ قانونی مشورہ نہیں ہے۔
مخصوص قانونی مشورے کے لیے، کسی مستند قانونی ماہر سے بات کریں۔
غیر ملکی مداخلت کے حصے کے طور پر غیر ملکی ریاستی عناصر کی طرف سے کی جانے والی کچھ نقصان دہ سرگرمیاں نیوزی لینڈ کے قانون کے تحت پہلے ہی سے جرم کے زمرے میں آتی ہیں۔
اگر یہ سرگرمیاں ہو رہی ہیں، یا یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ ہے کہ یہ ہو رہی ہیں، تو ان کی اطلاع نیوزی لینڈ پولیس (NZ پولیس) کو دی جانی چاہیے یا کرائم اسٹاپرز نیوزی لینڈ (کرائم اسٹاپرز) کے ذریعے گمنام طور پر اطلاع دی جانی چاہیے۔
یہ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ اس سرگرمی کا تعلق کسی غیر ملکی ریاست سے ہے یا یہ غیر ملکی مداخلت ہے، کیونکہ وہ سرگرمی بذاتِ خود اپنی جگہ ایک جرم ہو سکتی ہے۔
اگر سرگرمی کا منبع معلوم نہ ہو یا کسی غیر ملکی ریاست کے ملوث ہونے کا یقین نہ ہو تو بھی رپورٹ نیوزی لینڈ پولیس یا کرائم اسٹاپرز کو دی جا سکتی ہے۔ نیوزی لینڈ پولیس صورتحال کا جائزہ لے گی اور یہ طے کرے گی کہ آیا مزید کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔
ان سرگرمیوں میں یہ شامل ہیں:
- ڈرانا اور دھمکانا
- بلیک میل کرنا
- پیچھا یا نگرانی کرنا
- ہراساں کرنا
- حملہ اور متعلقہ تشدد
- سائبر جرائم جیسے کہ ہیکنگ اور غیر مجاز رسائی
- نقصان دہ ڈیجیٹل مواصلات (مثلا ای میلز، سوشل میڈیا مواد، یا آن لائن کمیونٹی فورمز پر پوسٹس) جو نقصان پہنچانے کے لیے ہوں، ایک فوجداری جرم ہو سکتے ہیں۔
نقصان دہ ڈیجیٹل مواصلات کے بارے میں نیوزی لینڈ پولیس کی ویب سائٹ پر مزید جانیں۔
نیوزی لینڈ پولیس کو خلاف ورزیوں کی اطلاع دینا
اگر یہ ہنگامی صورتحال ہے اور واقعہ ابھی ہو رہا ہے تو 111 پر کال کریں اور پولیس کو طلب کریں۔
اگر یہ ہنگامی صورتحال نہیں ہے تو آپ پولیس سے ان طریقوں سے رابطہ کر سکتے ہیں:
- آن لائن فارم 105استعمال کرکے
- کسی بھی موبائل یا لینڈ لائن سے 105 پر کال کرکے، یہ سروس مفت ہے اور 24 گھنٹے ساتوں دن ملک بھر میں دستیاب ہے۔
فارم 105 آپ کی کچھ ذاتی معلومات طلب کرتا ہے تاکہ پولیس کو آپ کی رپورٹ پر کارروائی کرنے اور آپ کے ساتھ فالو اپ کرنے میں مدد ملے۔ پولیس ان معلومات کو صرف اجازت شدہ مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔
کرائم اسٹاپرز کو گمنام رپورٹنگ
آپ کرائم اسٹاپرز نیوزی لینڈ کے ذریعے معلومات گمنام طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔
کرائم اسٹاپرز ایک آزاد فلاحی ادارہ ہے جو جرائم یا دیگر سنگین خدشات کی اطلاع دینے کا ایک محفوظ اور آسان طریقہ فراہم کرتا ہے، جن میں امیگریشن، کسٹمز اور نیوزی لینڈ پولیس شامل ہیں۔
اس میں نیوزی لینڈ میں ممکنہ غیر ملکی مداخلت کی معلومات شامل ہیں۔
آپ آن لائن فارم کے ذریعے گمنام طور پر رپورٹ جمع کروا سکتے ہیں، یا کرائم اسٹاپرز کو 0800 555 111 (یا اگر بیرون ملک ہیں تو +64 9 927 3971) پر کال کر کے کسی سے بات کر سکتے ہیں۔
آپ کی شناخت حکام کے ساتھ شیئر نہیں کی جائے گی۔
یہ بات اہم ہے کہ اگرچہ ایک گمنام رپورٹ نیوزی لینڈ پولیس کو اہم معلومات فراہم کر سکتی ہے، لیکن یہ نیوزی لینڈ پولیس کو باقاعدہ تحقیقات کرنے کے لیے کافی معلومات فراہم نہیں کر سکتی، اور یہ باقاعدہ شکایت شمار نہیں ہوتی۔
غیر ملکی رشوت کی رپورٹنگ
غیر ملکی رشوت ستانی تب ہوتی ہے جب کوئی شخص یا کاروباری ادارہ کسی بھی شخص کو اس مقصد کے لیے رشوت کی پیشکش کرے، رشوت دے، یا اس کا وعدہ کرے کہ وہ کسی غیر ملکی سرکاری اہلکار کو اس کے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں متاثر (یا اپنے حق میں مائل) کر سکے۔
غیر ملکی رشوت ستانی تب بھی وقوع پذیر ہوتی ہے جب نیوزی لینڈ کے سرکاری اہلکاروں کو کسی غیر ملکی شخص کی طرف سے رشوت کی پیشکش کی جائے، رشوت دی جائے، یا اس کا وعدہ کیا جائے۔ غیر ملکی رشوت کا استعمال غیر ملکی ریاستیں یا ان کے نمائندے غیر ملکی مداخلت کی غرض سے کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کو غیر ملکی رشوت کا شبہ ہے تو آپ اسے Serious Fraud کے گمنام رپورٹنگ ٹول: Report Foreign Bribery - Serious Fraud Office New Zealand کے ذریعے خفیہ طور پر رپورٹ کر سکتے ہیں۔