یہ غیر ملکی مداخلت کی کچھ ایسی مثالیں ہیں جن کا تجربہ نسلی برادریوں نے کیا ہے۔ یہ مثالیں ان تجربات پر مبنی ہیں جن کا اشتراک نسلی برادریوں نے Ministry for Ethnic Communities سے کیا ہے۔

ان مثالوں میں "غیر ملکی ریاست" کا مطلب نیوزی لینڈ کے علاوہ کوئی اور ملک ہے۔ یہ اصطلاح نیوزی لینڈ سے باہر کے ممالک کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

سفر کے دوران پاسپورٹ اور ویزے کے مسائل

کمیونٹی کے ارکان اکثر اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے ملنے کے لیے اپنے آبائی ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے، انہیں قونصلر خدمات استعمال کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ خدمات کسی ملک کا سفارت خانہ یا قونصل خانہ بیرون ملک اپنے شہریوں کو فراہم کرتا ہے اور ان میں پاسپورٹ، ویزا، سفری دستاویزات کا اجراء اور دیگر قانونی معاملات کو سنبھالنا شامل ہے۔

نیوزی لینڈ میں ایک نسلی کمیونٹی کے اراکین کو قونصلر عملے نے بتایا کہ اگر وہ نیوزی لینڈ میں ایسے گروپوں یا لوگوں سے تعلق رکھتے ہیں جو اس غیر ملکی ریاست پر تنقید کرتے ہیں تو انہیں پاسپورٹ کی تجدید یا ویزا نہیں ملے گا۔ اس سے کمیونٹی اپنے خیالات کا اظہار کرنے، کچھ لوگوں سے بات کرنے، احتجاج کرنے، یا گروپوں میں شامل ہونے سے قاصر محسوس کرتی ہے۔ یہ پابندیاں نیوزی لینڈ میں کمیونٹی کو یہ باور کرواتی ہیں کہ وہ پھنس چکے ہیں اور غیر ملکی ریاست کے زیر کنٹرول ہیں۔ جب لوگ اپنے خاندان اور دوستوں کو دیکھنے کے لیے سفر نہیں کر سکتے، تو اس کا ان کے خاندانوں اور ان کی صحت پر بہت بڑا اثر پڑتا ہے۔

عبادت گاہوں پر اثرانداز ہونا

ایک کمیونٹی میں عبادت گاہ کو غیر ملکی مداخلت کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک نیا رکن، جو بہت مذہبی لگ رہا تھا، ایک کمیونٹی کی مذہبی سرگرمیوں میں بہت زیادہ شامل ہو گیا۔ اس نے سیاست کے بارے میں بہت زیادہ باتیں کرنا شروع کر دیں اور لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے ملک کی حکومت کی حمایت کریں۔ وہ چاہتا تھا کہ خطبات سیاست کے بارے میں ہوں۔ نئے ممبر نے لوگوں کو غیر ملکی ریاست پر تنقید کرنے سے روکنے کی بھی کوشش کی۔ اسے غیر ملکی ریاست نے یہ سب کچھ کرنے کو کہا تھا۔

کمیونٹی کے ان ارکان کو ٹیکسٹ میسجز اور سوشل میڈیا کے ذریعے گمنام دھمکیاں ملیں جنہوں نے اس نئے شخص کی موجودگی میں جنہوں غیر ملکی ریاست پر تنقید کی تھی۔ نئے رکن کے آنے سے پہلے ایسا نہیں ہوا تھا۔ کمیونٹی کو شبہ تھا کہ نیا ممبر غیر ملکی ریاست کو واپس رپورٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے دیکھا کہ یہ مسائل اس وقت شروع ہوئے جب نئے ممبر نے شمولیت اختیار کی اور کوشش کی کہ لوگ غیر ملکی ریاست کی حمایت کریں۔ اس سے کمیونٹی کے لوگ خوفزدہ اور ایک دوسرے پر بے اعتمادی کا شکار ہو گئے۔ کمیونٹی کے لیے اس عبادت گاہ پر اکٹھا ہونا اور اپنے عقیدے پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہو گیا۔

غیرملکی ریاست کی جانب سے کمیونٹیز کی نگرانی

ایک کمیونٹی میں، لوگوں نے اپنی کمیونٹی کے ایک ممبر کی طرف سے مشکوک رویے کو محسوس کیا۔ یہ شخص ہمیشہ کمیونٹی کے دوسرے لوگوں کے سیاسی خیالات اور سرگرمیوں کے بارے میں پوچھتا دکھائی دیتا تھا۔ کمیونٹی کو پتہ چلا کہ اس شخص کو غیر ملکی ریاست نے ایسے لوگوں کے بارے میں نیوزی لینڈ میں اپنے سفارت خانے کو رپورٹ کرنے کو کہا تھا جنہوں نے اپنے ملک کی حکومت پر تنقید کی۔

کمیونٹی کے کچھ ارکان جنہوں نے اس شخص سے بات کی تھی اور غیر ملکی ریاست پر تنقید کی تھی، انہیں اپنے ملک پہنچنے پر غیر متوقع مسائل پیش آئے تھے، جیسے ویزا کے مسائل اور ہوائی اڈے پر پوچھ گچھ۔ ایسا ان کے ساتھ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ ان کے خیال میں یہ مسائل اس لیے پیش آئے کیونکہ کمیونٹی کے اس رکن کے ساتھ ان کی بات چیت کی اطلاع سفارت خانے کو دی گئی تھی۔ اس سے کمیونٹی کے لوگ خوفزدہ اور بے اعتمادی کا شکار ہو گئے، اس لیے انہوں نے اپنی صحیح رائے کا اظہار کرنا چھوڑ دیا۔

ڈاکسنگ (معلومات کا افشاء)، آن لائن بدسلوکی اور ہراسانی

کمیونٹی کا ایک رکن جو اکثر سوشل میڈیا پر کسی غیر ملکی ریاست پر عوامی سطح پر تنقید کرتا ہے اسے غیر ملکی مداخلت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی ذاتی معلومات جیسے کہ ان کا پتہ، فون نمبر، اور ای میل، آن لائن پوسٹ کیا گیا تھا—اسے ڈوکسنگ (doxing) کہا جاتا ہے۔ جن لوگوں نے یہ کام کیا تھا انہیں غیر ملکی ریاست کی طرف سے ایسا کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ کمیونٹی ممبر کو دھمکی آمیز فون کالز اور پیغامات موصول ہوئے۔ ان کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر بھی بہت زیادہ گالیاں دی گئیں۔ کمیونٹی ممبر نے بہت خوفزدہ اور غیر محفوظ محسوس کیا۔

اسے بعد میں پتہ چلا کہ ڈوکسنگ نیوزی لینڈ کے لوگوں نے کی تھی جو غیر ملکی ریاست کے لیے کام کر رہے تھے۔ کمیونٹی کے رکن کو ڈرانے کے لیے ڈاکس کیا گیا تھا، تاکہ وہ سوشل میڈیا پر غیر ملکی ریاست پر عوامی طور پر تنقید کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا اور بولنا چھوڑ دیا۔

بیرون ملک مقیم خاندان کے افراد کو نشانہ بنانا

غیر ملکی حکومت کی نمائندگی کرنے والے کسی فرد نے کمیونٹی کے ایک رکن سے رابطہ کیا۔ اسے بتایا گیا کہ اس کے آبائی ملک میں اس کے خاندان کو نقصان پہنچے گا ماسوائے جب وہ اس غیر ملکی حکومت کے زیر اہتمام کسی گروپ میں شمولیت اختیار نہ کر لے۔ گروپ کا مقصد غیر ملکی ریاست کی جانب سے نیوزی لینڈ میں اپنی کمیونٹی کے اندر سیاسی پیغامات پھیلانا تھا۔ کمیونٹی کا رکن گروپ میں شامل ہونا نہیں چاہتا تھا، لیکن وہ اپنے خاندان کے لیے خوفزدہ تھا اور اپنے خاندان کو محفوظ رکھنے کے لیے اس میں شامل ہونے کے لیے اس نے دباؤ محسوس کیا۔

گروپ میں شامل ہونے پر مجبور ہونے سے کمیونٹی ممبر کو خطرہ اور خوف محسوس ہوا۔ اس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ کوئی ایسی بات نہ کہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ وہ گروپ کی حمایت نہیں کرتا۔ وہ اپنے حقیقی خیالات کا اظہار کرنے سے قاصر تھا۔ اس کی بولنے کی آزادی چھین لی گئی۔

کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں

اپنے ملک پر تنقید کرنے والے ایک کارکن کو حکام نے اس وقت نقصان پہنچایا جب وہ اس ملک واپس گئے۔ نیوزی لینڈ میں کمیونٹی نے اس بارے میں سنا اور وہ بہت فکر مند تھے کہ ایسا ایک ایسے شخص کے ساتھ ہو رہا ہے جسے وہ جانتے ہیں۔

کچھ مہینوں بعد نیوزی لینڈ میں، کمیونٹی کے ایک رکن کو دھمکی آمیز تحریریں موصول ہوئیں جس میں انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر وہ بیرون ملک سفر کرتا ہے تو محتاط رہے۔ وہ نیوزی لینڈ میں رہتے ہوئے اپنے آبائی ملک میں انسانی حقوق کے خدشات کے بارے میں بات کرتا رہا تھا۔ اب، وہ اپنے خاندان سے ملنے اور ان ممالک میں رکنے کے بارے میں بہت فکر مند ہے جو اس کے اصل ملک کی حکومت کی جانب سے گرفتاری کے وارنٹ پر کارروائی کر سکتے ہیں۔

ان کے ملک کے سرکاری اہلکار اس ملک میں ان کے خاندان سے ملنے گئے، اور اب ان کے خاندان نے ان سے کہا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ میں انسانی حقوق کے بارے میں بات کرنا بند کر دیں۔ اس دباؤ نے کمیونٹی ممبر کو اپنے خاندان سے رابطہ بند کرنے پر مجبور کر دیا، کیونکہ وہ اپنے خاندان کی حفاظت کے حوالے سے ڈر کا شکار ہے۔ وہ نیوزی لینڈ میں اپنے تحفظ اور آزادی اظہار کے بارے میں بھی پریشان ہے۔

اظہارِ رائے کی پاداش میں بینک کی خدمات میں تعطل (Debanking)

کمیونٹی کے ایک رکن نے نیوزی لینڈ میں میڈیا کے سامنے اپنے ملک کے خلاف بات کی۔ اس کے بعد اسے نیوزی لینڈ میں اس کے بینک سے فون آیا، جس میں کہا گیا کہ اس کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں کیونکہ اس کا نام سنگین جرائم کے ملزموں کی بین الاقوامی فہرست میں شامل ہے۔ اسے 'ڈی بینکنگ' کہا جاتا ہے۔ اسے اپنی رقم تک رسائی نہ رہی کیونکہ اس کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے تھے۔

کمیونٹی ممبر بہت فکر مند تھا کیونکہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا تھا۔ اس کا خیال تھا کہ اس کا نام اس کے آبائی ملک نے اسے ڈرانے اور اس کے آبائی ملک پر تنقید کرنے سے روکنے کے لیے فہرست میں ڈالا ہے۔ اسے لگا کہ اس کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کہ وہ بولنا بند کر دے۔

ایونٹ کے منتظمین پر معلومات فراہم کرنے کا دباؤ

ایک ایتھنک کمیونٹی ایک ثقافتی تقریب کا اہتمام کر رہی تھی۔ تقریب کے منتظم کو اس کے آبائی ملک کی حکومت کی نمائندگی کرنے والے کسی شخص کی طرف سے ایک بڑا عطیہ پیش کیا گیا۔ اسے عطیہ صرف اس صورت میں ملنا تھا جب وہ اپنی کمیونٹی کے لوگوں کے بارے میں ذاتی معلومات شیئر کرتا۔

منتظم اس پیشکش کے بارے میں بہت پریشان تھا۔ اس نے ایونٹ کی حمایت کے لیے عطیہ قبول کرنے کے سلسلے میں دباؤ محسوس کیا لیکن وہ کمیونٹی کی ذاتی معلومات کا اشتراک نہیں کرنا چاہتا تھا۔ جب اس نے عطیہ ٹھکرا دیا تو اسے خوف محسوس ہوا۔ وہ پریشان تھا کہ اس کے ساتھ کیا ہوگا کیونکہ اس نے بات نہیں مانی تھی۔ اس کے لیے اپنی ہی کمیونٹی میں اپناپن محسوس کرنا مشکل ہو گیا۔

کمیونٹی کے اراکین کی نگرانی کے لیے مالی دباؤ

کمیونٹی کے ایک رکن کو مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس کی کمیونٹی کے کسی فرد نے اس کو کام کی پیشکش کرنے کے لیے ایک غیر ملکی ریاست کی جانب سے اس سے رابطہ کیا۔ کام یہ تھا کہ نیوزی لینڈ میں کمیونٹی کے اراکین کی نگرانی کی جائے اور غیر ملکی ریاست کو ان کی رپورٹ دی جائے۔ وہ کسی ایسے شخص کے بارے میں جاننا چاہتے تھے جو غیر ملکی ریاست پر تنقید کر رہا ہو۔

کمیونٹی ممبر پریشان تھا۔ وہ اپنی کمیونٹی کی نگرانی نہیں کرنا چاہتا تھا۔ اس کے مالی حالات کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس نے منع کردیا، لیکن وہ پریشان تھا کہ اُس کو کچھ ہو جائے گا کیوں کہ اُس نے انکار کر دیا تھا۔ اس نے اپنے آپ کو کمیونٹی سے الگ تھلگ کرنا شروع کر دیا، اس ڈر سے کہ اس سے دوبارہ رابطہ نہ کیا جائے۔ یہ سوچتے ہوئے اس کا کمیونٹی پر سے اعتماد بھی اٹھ گیا کہ پتہ نہیں اور کون ایسی سرگرمیوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

یہ معلومات یہاں سے ڈاون لوڈ کریں - جلد آرہا ہے